پیر کو کراچی کے تاریخی فریئر ہال میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران آرٹسٹ سیفی سومرو کی ’گمشدہ‘ پینٹنگز انہیں کے ایم سی کے سینئر ڈائریکٹر اسپورٹس اینڈ کلچر رضا عباس نے حوالے کیں۔
سومرو، جن کا تعلق ضلع گھوٹکی کے علاقے ڈہرکی سے ہے، نے وہ پینٹنگز 2016 میں بنائی تھیں اور 2017 میں نمائش کے لیے فریئر ہال بھیجی تھیں۔
نمائش کے بعد سومرو نے اپنی پینٹنگز واپس کرنے کا کہا لیکن انہیں بتایا گیا کہ ان کی پینٹنگز غائب ہو گئی ہیں اور واپس نہیں کی جا سکیں گی۔
تاہم، تقریباً سات سال بعد واقعات کے ایک دلچسپ موڑ میں، حال ہی میں ایک نجی ٹیلی ویژن پر ایک ڈرامہ نشر کیا گیا جس میں فریئر ہال گیلری کا ایک منظر دکھایا گیا تھا۔ سومرو نے جب وہ منظر دیکھا تو اپنی کھوئی ہوئی پینٹنگز کو ڈسپلے پر دیکھ کر حیران رہ گئے۔
سات سال بعد، صرف اس مقصد کے لیے منعقدہ تقریب میں شاندار آرٹ کے نمونے ان کے مالک کو واپس کر دیے گئے۔
حوالے کرنے کی تقریب کے دوران، کے ایم سی کے ڈائریکٹر نے بتایا کہ سومرو کو ان کی پینٹنگز کے حوالے سے کچھ غلط فہمی تھی کیونکہ وہ “چوری نہیں ہوئی تھیں، اسی لیے آج انہیں واپس کی جارہی ہیں”۔
ڈرامے میں اپنی پینٹنگز دیکھنے کے بعد فنکار نے سوشل میڈیا پر معاملہ اٹھایا تو معاملے کی تحقیقات کے لیے دو رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی جس نے اپنی رپورٹ سندھ کے وزیر ثقافت و سیاحت سید ذوالفقار علی شاہ کو پیش کی۔
سندھ کے وزیر ثقافت کو پیش کی گئی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ وہ پینٹنگز پہلے کبھی غائب نہیں ہوئیں اور 2017 سے فریئر ہال میں دستیاب ہیں۔
کمیٹی کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ نجی ٹیلی ویژن چینل کے ڈرامے میں جو پینٹنگز دیکھی گئی تھیں وہ وہی تھیں جن کے بارے میں کہا گیا تھا کہ وہ غائب ہیں اور یہ ڈرامہ واقعی فریئر ہال میں شوٹ کیا گیا تھا۔
رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ مختلف نمائشوں کی وجہ سے پینٹنگز کو اکثر ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل کیا جاتا تھا۔ اس میں مزید کہا گیا کہ فنکار نے تاہم اپنی پینٹنگز کو دوبارہ حاصل کرنے میں کوئی دلچسپی ظاہر نہیں کی تھی۔
رپورٹ میں یہ نتیجہ اخذ کیا گیا کہ پینٹنگز کے مالک اور فریئر ہال انتظامیہ کے درمیان غلط فہمی تھی، لیکن پینٹنگز واقعی ہال میں موجود تھیں۔
Leave a Reply